ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یڈیورپا، ایشورپا اختلافات کے سبب بی جے پی پھوٹ کے دہانے پر؛ صدر کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایشورپاکی الگ میٹنگ

یڈیورپا، ایشورپا اختلافات کے سبب بی جے پی پھوٹ کے دہانے پر؛ صدر کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ایشورپاکی الگ میٹنگ

Thu, 18 Aug 2016 22:42:38    S.O. News Service

بنگلورو۔18/اگست(عبدالحلیم منصور/ایس او نیوز) ریاستی بی جے پی صدر اور سابق وزیراعلیٰ بی ایس یڈیورپا اور ریاستی کونسل کے اپوزیشن لیڈر کے ایس ایشورپا کے درمیان اختلافات اس قدر شدید ہوچکے ہیں کہ ریاست میں بی جے پی تقریباً پھوٹ کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ یڈیورپا نے ایشورپا کو یہ سخت ہدایت دی تھی کہ کسی بھی حال میں وہ سنگولی راینا برگیڈ کی میٹنگ نہ کریں اور ایسا کوئی ادارہ قائم نہ کریں۔اس کی پرواہ کئے بغیر ایشورپا نے آج سنگولی راینا برگیڈ کی میٹنگ کا باضابطہ اہتمام کیا اور یڈیورپا کے احکامات کو کھل کر پامال کرتے ہوئے ان کی سیاسی قوت کو راست طور پر چیلنج کیا۔ یڈیورپا نے پہلے ہی ایشورپا کو متنبہ کیا تھاکہ وہ اگر چاہیں تو پارٹی کے بینر تلے کوئی بھی میٹنگ کریں ان کا بھرپور تعاون کیاجائے گا۔الگ نام سے کوئی پروگرام منعقد نہ کیا جائے۔ اس کے باوجود بھی آج ایشورپا نے ایل ایچ میں سنگولی راینا برگیڈ کی میٹنگ کی، جس میں سابق رکن پارلیمان ویرو پاکشپا، پسماندہ طبقات کے لیڈر مکڑپا، سابق ڈپٹی میئر وینکٹیش مورتی اور دیگر لیڈران نے حصہ لیا۔ میٹنگ میں سنگولی راینا برگیڈ کے مقاصد اور عہدیداروں کے تقرر پر تبادلہئ خیال کیاگیا اور یہ طے کیاگیا کہ ستمبر کے پہلے ہفتے میں وسط کرناٹک داونگیرے یا ہاویری میں ایک بہت بڑا پروگرام منعقد کیا جائے۔ ایشورپا نے کہاکہ بی جے پی میں صرف یڈیورپا ہی نہیں،دیگر بہت سارے لیڈران ہیں جو ان کے ساتھ ہیں، یہی بات پارٹی پر ثابت کرنے کیلئے انہوں نے یہ برگیڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پارٹی اعلیٰ کمان کی طرف سے بھی انہیں اس طرح کا پروگرام نہ کرنے کی کوئی ہدایت نہیں ملی ہے۔


Share: